• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامسٹس ہیڈکوارٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے پے پیکیج اور ادارے کو ملنے والے فنڈز کی تفصیلات طلب

اسلام آباد (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) وزارت خزانہ نے کامسٹس ہیڈکوارٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے پے پیکیج کی منظوری بارے اور ادارے کو ملنے والے فنڈز کی تفصیلات وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے مانگ لیں ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسٹس ہیڈکوارٹر کی پوسٹ پچھلے ڈیڑھ سال سے خالی ہے ، یہ پوسٹ ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی کا فروری 2021ء میں کنٹریکٹ ختم ہونے پر خالی ہوئی تھی جس کے بعد سے اس پر تقرری نہیں ہو سکی ۔ذرائع کے مطابق حال ہی میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ذریعے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تقرری کیلئے سمری بھجوائی تھی اور یہ معاملہ وزارت خزانہ کو بھجوا دیا گیا جس پر وزارت خزانہ نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی سے پوچھا ہے کہ ای ڈی کامسٹس کیلئے گریڈ ون مینجمنٹ کی پوزیشن کی منظوری کس نے دی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے جواب دیا جا رہا ہے کہ کامسٹس کی اپنی کنسلٹیٹو کمیٹی ہے اس نے اس کی منظوری دے رکھی ہے ، دوسرا سوال یہ پوچھا گیا ہے کہ کامسٹس ہیڈکوارٹر کو فنڈز کہاں کہاں سے ملتے ہیں ،جس کے جواب میں بتایا جا رہا ہے کہ زیادہ رقوم پاکستانی حکومت دیتی ہے جبکہ کامسٹس ہیڈکوارٹرز کے ممبر ممالک بھی فنڈز دیتے ہیں ۔
اسلام آباد سے مزید