اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے پوری قوم کو یوم ازادی کی مبارک دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن تحریک پاکستان کے اُن عظیم رہنمائوں کو بھی یاد رکھنے کا دن ہے جنہوں نے اپنی بے مثال محنت اور لگن سے ازاد وطن کے خواب کو سچ کر دکھایا اور ہمیں غلامی سے نکال کر آزادی کی نعمت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے خدمات سرانجام دینے والے ہر طبقہ کے لوگ قابل قدر اور قابل احترام ہیں۔ یہ ملک امن، محبت اور بھائی چارے کیلئے بنا ہے اور اس میں نفرت کے بیج بونے والے اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے کیوں کہ اس ملک کے عوام اپنے محسنوں کے ساتھ محبت کے ناقابل شکست اور ناقابل فراموش رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ہمارے لئے سیاست سے زیادہ ریاست مقدم ہے اس لئے ہم نے ریاست کیلئے کئی بار حکومتیں بھی چھوڑیں اور جانیں بھی قربان کیں مگر عوام اور ریاست کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا۔