• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورڈ کا جنوبی افریقی، امارات لیگ پر اعتراض، کرکٹرز کی آنکھیں کھل گئیں

کراچی(عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) سینٹرل کنٹریکٹ پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ میٹنگ میں عینی شاہدین کے مطابق کرکٹرز نے جنوبی افریقا لیگ اور امارات لیگ میں ہونے والی پیشکشوں کے بارے میں پی سی بی حکام سے سوال کیا۔ بورڈ کے اعلی افسران نے حساس نکتہ اٹھایا کہ امارات لیگ اور جنوبی افریقا لیگز میں کھلاڑیوں کو تین سے چار لاکھ ڈالرز تک کے بھاری معاوضے کی پیشکش کی جارہی ہے۔ بھارتی مالکان کی لیگز میں کھیلنے کا مطلب پاکستانی کھلاڑیوں کا معاہدے کے مطابق بھارتی مصنوعات کی تشہیر کرنا ہوگا۔ موجودہ حالات میں ایسا ہونے سے پاکستان میں ردعمل آسکتا ہے۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق سی ای او فیصل حسنین، سی او او سلمان نصیر اور ڈائریکٹر ذاکر خان کی زبانی یہ سننے پر بابر اعظم، محمد رضوان اور شاداب خان کی آنکھیں کھلی رہ گئیں۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کرکٹرز ایجنٹس پی سی بی سے رجسٹرڈ ہیں مستقبل میں ایجنٹس کے لئے سخت اور نیا ضابطہ اخلاق بنایا جارہا ہے۔ پی سی بی آف سیزن کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگز کے لئے این او سی جاری کرنے پر رضامند ہوگیا ہے۔ تاہم کھلاڑیوں کو باور کرایا گیا کہ وہ اپنے ایجنٹس کے کردار اور ادائوں پر بھی غور کریں۔ بورڈ کو یقین ہوچکا ہے کہ ایجنٹس کے اکسانے پر کرکٹرز نے سینٹرل کنٹریکٹ کی ان شقوں پر اعتراض کیا جو کئی سال سے معاہدے کا حصہ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز غیر ملکی لیگز سے معاہدہ کرتے ہوئے فرنچائز کو ان کی تصاویر کو استعمال کرنے کے حقوق دے دیتے ہیں البتہ پلیئرز یہ اعتراض کیا کہ پی سی بی تصاویر کو استعمال کرنے کی ایک مدت طے کرے۔

اسپورٹس سے مزید