فیصل آباد(ٹی وی رپورٹ/نمائندہ جنگ) فیصل آباد میں شادی سے انکار پر لڑکی کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا گیا۔متاثرہ طالبہ پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اس کے بال اور بھنویں کاٹنے کے بعد جوتے چاٹنے پر بھی مجبور کیا گیا۔ پولیس نے ویڈیو سامنے آنے کے بعد لڑکی پر تشدد کا مقدمہ درج کرلیا۔ لڑکی کا کہنا ہےکہ اس کی سہیلی کا باپ شادی پر زور دے رہا تھا، انکار پر تشدد کیا، سرکے بال، بھنویں کاٹ دیں اور جوتے چاٹنے پر مجبور کیا۔ لڑکی کے بیان کے مطابق جنسی ہراساں بھی کیا گیا اور ویڈیوز بھی بنائی گئیں۔ پولیس نے مرکزی ملزم سمیت5افراد کو گرفتار کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔ نمائندہ جنگ کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ نے فیصل آباد میں طالبہ تشدد کیس کے مرکزی ملزم شیخ دانش سمیت 5ملزموں کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ خاتون ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔