پشاور ( وقائع نگار ) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شیخ محمدی میں کھلی کچہری کا اہتمام کیا ۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، اسسٹنٹ کمشنر حامد خان،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سمیرہ صباء سمیت ذیلی محکموں کے افسران ، ریونیو سٹاف ،عوامی نمائندگان ، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔بیسک ہیلتھ یونٹ شیخ محمدی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے کھلی کچہری میں عوام نے مسائل کے انبار لگا دیئے ۔ اس موقع پر لوگوں نے پنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے اور علاقے میں آئس فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے کیوں کہ آئس کے استعمال سے نوجوانان اس نشے کی لعنت میں مبتلا ہو رہے ہیں اور علاقے میں بازاروں میں تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے کیوں کہ تجاوزات کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو دشواری کا سامنا ہوتا ہے اور ٹریفک بھی جام رہتی ہے۔ کھلی کچہری میں موجود خواتین نے خاتون ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کو تحریری درخواستیں دیں۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔