• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گل پر تشدد، مریم اورنگزیب نے بغیر ماسک تازہ ویڈیو چلادی

اسلام آباد(اے پی پی، جنگ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا، سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز چلا کر طوفان بدتمیزی پیدا کی گئی، عمران خان اکسانے والوں کا سرغنہ ہے، مقدمے سے توجہ ہٹانے کیلئے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کا اصل مقصد کہانی کو بدل دینا ہے، کیا کسی نے تشدد کی اصل ویڈیوز دیکھی ہیں؟ ایک شخص نے اس معاشرے میں فساد اور انتشار پھیلایا ہوا ہے، تمام دستاویز اور ثبوت میڈیا کو پیش کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ہفتہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ اس موقع وزیر اطلاعات نے بغیر ماسک تازہ ویڈیو چلادی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز گل کی جعلی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں۔ شہباز گل کے خلاف ایک مقدمہ ہے اور شہباز گل نے عمران خان کے کہنے پر سب کچھ کہا اور پروپیگنڈا جاری ہے کہ جنسی تشدد ہوا، کیمرہ دیکھتے ہی پروپیگنڈا شروع ہوجاتاہے، شہبازگل پر کوئی تشدد نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مقدمے سے توجہ ہٹانے کیلئے ایک پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر غلط ویڈیوز چلا کر طوفان بدتمیزی پیدا کی گئی۔ کسی پر بھی تشدد نہیں ہونا چاہئے اور شہباز گل پر بھی کوئی تشدد نہیں ہوا۔ پچھلے تین چار دن سے ٹی وی چینلز پر بغیر کسی تحقیقات کے غیر ضروری پروپیگنڈا چل رہا ہے اور پروپیگنڈے میں صرف اور صرف جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ شہباز گل کی فیک ویڈیو چلائی جا رہی ہے، پروپیگنڈا مشینری صرف جھوٹ بولنا جانتی ہے، اسی کو بنیاد بنا کر میڈیا اور سوشل میڈیا پر اسے چلایا جا رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز گل سے منصوب سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو چکوال کی ہے اور عمران خان فارن فنڈنگ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے اپنے بیپر میں اداروں کے درمیان بغاوت کی کال دی، آئین میں دی گئی یہ ریڈ لائنز ہیں جس کی شہباز گل نے خلاف ورزی کی اور اسی بنیاد پر ان کے خلاف مقدمہ قانون کے مطابق درج ہوا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں حراست میں لیا گیا اور تحقیقات شروع ہو گئیں، اس مقدمہ کی وجوہات سے نظر ہٹانے کے لئے عمران خان پروپیگنڈا کر رہے ہیں،شہباز گل پیشی کے وقت بیماری کا بہانہ بناتے ہیں اور ان کا اصل مقصد ہے کہ کہانی کو بدل دو۔انہوں نے کہا کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہدا کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی اور یہ حکومت کا معاملہ نہیں تھا بلکہ عدالت میں کیس ہے۔ مجھے عمران خان کے پروپیگنڈے کو نقاب کرنے کے لیے آنا پڑا۔پریس کانفرنس کے دوران وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شہباز گل کے اسپتال کے کمرے کی ویڈیو شیئر کی اور دعوی کیا کہ شہباز گل کے کمرے کی ویڈیو ایک گھنٹہ پرانی ہے،ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہباز گل ہشاش بشاش ہیں اور وہ آکسیجن ماسک کے بغیر کمرے میں موجود ہیں، لیکن عمران خان چاہتے ہیں کہ اصل حقیقت سے نظر ہٹ جائے۔ یہ کس چیز کی ریلیاں نکال رہے ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ شہباز گل کا ایک ایک لفظ عوام کے علم میں ہے اور آپ لوگ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں کیونکہ یہ سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ شہباز گل اسپتال میں صحت مند ہیں۔ عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماں نے بھی تسلیم کیا کہ شہباز گل نے غلط بات کی۔ پروپیگنڈا میں صرف اور صرف جھوٹ بولا جا رہا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ بغیر تحقیقات کے ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن مت پھیلائیں۔ کرپشن اور فارن فنڈنگ کے معاملے کو بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ایک شخص نے اس معاشرے میں فساد اور انتشار پھیلایا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام دستاویز اور ثبوت میڈیا کو پیش کرینگے کیونکہ یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ پاکستان کا قانون ہے۔ایک سوال پرمریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی ملزم کو ریلیف نہیں دیا جا رہا، عدالت نے ملزم شہباز گل کا دوبارہ میڈیکل کرنے کا کہا، ڈاکٹروں کی 15 رکنی ٹیم نے شہباز گل کو صحت مند قرار دیا ہے، اگر ان پر تشدد کیا گیا ہوتا تو وہ سامنے آتا، یہ عادی جھوٹے ہیں اور عادی جھوٹے کو سمجھایا نہیں جا سکتا۔
اہم خبریں سے مزید