کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف کے خلاف کوئی غیر آئینی اقدام نہ کیا جائے۔ وفاقی وزیر احسان مزاری اچھے انسان ہیں ، انہیں گمراہ کیا جارہا ہے۔ غیرآئینی کام کرنے والوں کے خلاف قانونی حق محفوظ رکھتے ہیں۔ پیر کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈی نوٹیفائی کرنے کا اختیار صرف نوٹیفائی کرنے والی اتھارٹی کو حاصل ہوتا ہے۔ عزت کیلئے بیٹھے ہیں عزت کیلئے لڑیں گے ۔ خالد کھوکھر نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میری دو ٹرم مکمل ہوچکی ہیں۔ 2015میں اختر رسول کے استعفیٰ کے بعد مجھے ذمہ داری دی گئی تھی اس وقت کے وزیر اعظم نے مجھے پی ایچ ایف کا صدر نامزد کیا تھا۔ 2015سے 2018تک فیلنگ آف ویکنسی کے تحت کام کیا ۔ اعتراض اٹھانے والے پی ایچ ایف آئینکی شق 12 پوائنٹ 9 ٹو پڑھ لیں۔ 2018میں الیکشن جیتا ، پہلی ٹرم 2022میں ختم ہوئی ۔ دوسری2022سے 2026تک کی ہے۔