اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلم اور ڈرامہ پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں، فلموں کی کہانی، معیار اور ٹیکنالوجی بہتر بنانا ہماری قومی فلم پالیسی کا حصہ ہے، معیاری فلموں کی اس وقت بہت ضرورت ہے، فلم انڈسٹری کو ٹیکنالوجی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، حکومت سینما گھروں کی بحالی، نئے سینما گھروں کی تعمیر اور فنکاروں کو مراعات دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، حکومت اس ضمن میں فلم سازوں کو ٹیکس میں استشنیٰ سمیت فلم انڈسٹری کیلئے آلات کی درآمد میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ امجد کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئےوزیر اطلاعات نے کہا کہ فلم انڈسٹری پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کیلئے ایف بی آر سے بات چیت جاری ہے، جلد ہی لائحہ عمل طے کرلیا جائے گا۔