• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ٹیم بہتری کی جانب گامزن، پاکستان ہر وقت بھارت سے مقابلے کیلئے تیار، وسیم اکرم

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کرکٹر اور سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ کا کردار اہم ہوگا۔ ستمبر میں بھارت کو ہرانے کے بعد پاکستانی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ٹیم کو یقین ہوگیا کہ وہ جب چاہیں بھارت سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ کارکردگی میں مستقل مزاجی ہے، اس جیت نے ورلڈکپ میں ہونے والے یک طرفہ پاک بھارت مقابلوں میں پھر جان ڈال دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم کا موازنہ کیا جانا فطری عمل ہے، ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا۔ ہمارے وقت میں لوگ سچن اور انضمام اس سے پہلے گاواسکراور جاوید میانداد کی بات کرتے تھے۔ غیر ملکی ویب سائٹ کو انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ اسی اعتماد سے پاکستان بھارت کو شکست دے سکتا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جیت کے بعد پاک بھارت مقابلوں کا جوش پھر زندہ ہوگیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم گزشتہ دو سال میں کافی بہتر ہوگئی ہے۔ پریشانی کی بات صرف اسکا مڈل آرڈر ہے۔ افتخار احمد کے سوا مڈل آرڈر میں کوئی بھی تجربہ کار کھلاڑی نہیں ہے ۔ بھارت پاکستان مقابلہ دونوں ٹیموں کیلئے کافی اہم ہوگا۔ دوسری جانب دریں اثنا سابق کپتان اور چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کا ایشیا کپ سے باہر ہونا پاکستان ٹیم کیلیے بہت بڑا دھچکا ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 میں پیسر نے ابتدا میں ہی بھارتی ٹیم کو سخت دباؤ کا شکار کردیا تھا، ان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انجریز کھیل کا حصہ ہیں تاہم پلیئرز کو چاہیے وہ جلد از جلد اس پر قابو پاکر اسکواڈ میں واپسی کریں۔ وہ پاکستان بیٹنگ لائن کا کپتان بابر اعظم پر انحصار بھی باعث تشویش قرار دے رہے ہیں، انہوں نے کہ صرف کپتان کی کارکردگی میں تسلسل ہے، نیدرلینڈز کیخلاف ایک ون ڈے میں فخرزمان نے سنچری بنائی، بعد ازاں پرفارم نہیں کرسکے۔ محمد رضوان نے بھی ایک ففٹی بنائی دیگر اننگز میں ناکام رہے، ایشیاء کپ میں دیگر بیٹرز کی سپورٹ حاصل ہونے سے بابر بھی پاکستان کی فتوحات میں زیادہ بہتر انداز میں کردار ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی میچ میں بابر جلد آئوٹ ہوگئے تو دوسرے پلیئرز کو ذمہ داری لینا ہوگی۔

اسپورٹس سے مزید