اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان کی لیبر فورس کا 2فیصد پلیٹ فارم اکانومی سے بذریعہ انٹرنیٹ اور متعین جگہوں پر سہولیات دینے والے اداروں سے وابستہ ہے۔ ان پانچ لاکھ ورکرز کے حالات کار مسلسل تنزلی کا شکار ہیں۔ پاکستان فیئر ورک رپورٹ کی لانچنگ تقریب میں ڈاکٹر عالیہ ہاشمی خان‘ مطاہر خان‘ یاسین اسلم‘ ظہور اعوان‘ سید محمد علی‘ راجہ فیض الحسن فیض‘ اظہر ملک‘ افتخار احمد کے مطابق پاکستان میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم مہیا کرنیوالی زیادہ تر کمپنیاں بہتر سہولیات دینے کے بنیادی معیار پر پورا نہیں اترتیں۔ ایسے پلیٹ فارم ورکرز کیلئے لیبر لاز کو سامنے رکھتے ہوئے ایک مسودہ قانون تیار کیا گیا ہے جس میں کم از کم اُجرت‘ صحت اور حفاظت‘ ملازمین کے ڈیٹا‘ نوکری سے متعلق بہتر معاہدے تک رسائی وغیرہ شامل ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ڈی وزارت اوورسیز پاکستانیز اظہر ملک نے یقین دہانی کرائی کہ قانونی مسودے کے حوالے سے ہرممکن تعاون کیا جائیگا۔