• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گذشتہ دنوں 14اگست کے موقعہ پرجامعہ این ای ڈی کے یونی ورسٹی شعبہ ایڈوانسمنٹ اینڈ فنانشل اسسٹینس کے تحت’’ پاکستان کے 75برس مکمل ہونے پراچیومنٹ ، چیلنجزاور دی وے فارور‘ڈ‘‘ کے موضوع پرپینل ڈسکشن کا انعقادنیشنل انکیوبیشن سینٹر( این آئی سی) کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، میزبانی کے فرائض ڈین فیکلٹی آف آرکیٹکچر اینڈ مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعمان احمد (تمغہ امتیاز)نےانجام دیئے۔ صدارت شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی(تمغہ حسن کارکردگی) نے کی۔ پینل میں شعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی کی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، بیرسٹر شاہدہ جمیل اور معروف تجزیہ کار ڈاکٹر ہما ناز بقائی نے آن لائن شرکت کی۔

تقریب کے صدر شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ٖڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا ،’’کہ آزادی خداکی عطا کردہ رحمت کا ہار ہے۔ آج ہم 75واں جشن ِ آزادی مناتے ہوئے ہمارے دل خوشی سے لبریز ہیں، آنکھیں مستقبل کے خوابوں سے سرشار ہیں۔ غلامی کا طوق مدتوں ہمارے گردنیں جھکاتا رہا ، نوجوان اس گراں قدر’’رحمت ‘‘کا احساس کریں۔ پروفیسر ڈاکٹرشائستہ تبسم نے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’ ہم علامہ اقبال اور قائداعظم کی دُوراندیشی اور دُوربینی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 

قائد اعظم بنیادی مسائل کا اداراک رکھتے تھے، انہوں نے قیامِ پاکستان سے قبل دّلی میں منعقدہ مسلم لیگ کے تیسویں اجلاس میں کہا تھا، ’’ مسلمان ، گروہوں اور فرقوں کی نہیں بلکہ اسلام اور قوم کی محبت پیدا کریں کیوں کہ ان برائیوں نے مسلمانوں کو دو سو برس سے کمزور کر رکھا ہے‘‘۔ پاکستان کے شہری ہونے کے ناطے ہمیں اِن اقدار اور اُصولوں پر غور کرنا چاہیے جو ہماری آزادی کے لیے لڑنے والوں کے قلوب و اذہان میں تھے۔

تقریب کی آن لائن مقررہ بیرسٹر شاہدہ جمیل اور ڈاکٹر ہما ناز بقائی کا کہنا تھا کہ، ملکی سیاسی اور حکومتی قائدین کو سوچنا ہوگا کہ اگر ہم خود انحصاری کی جانب مائل ہوجائیں تو قدرت نے ہمیں مالا مال رکھا ہے۔ان وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تقدیر کو بدلا جاسکتا ہے۔ ہم اپنا وقت گزار چکے ہیں، اب آئندہ نسلو ں کو بہتر پاکستان دینا نوجوانوں کی ذمے داری ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ اور طالب علموں نے شرکت کی ۔ (رپورٹ: فروا حسن)