راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بجلی کے بلوں میں تین سو فیصد تک ظالمانہ اضافہ کیخلاف طارق آباد ڈویژن کے باہر دھمیال روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر سڑکیں بلاک کر دی گئیں جس کے باعث ٹریفک جام ہو گئی ۔ ایک صارف نے بتایا کہ مئی 2022ء میں اگر 242یونٹوں کا بل 2670آیا تو اگست میں اتنے ہی یونٹ استعمال کرنے پر بل 8963روپے موصول ہوا۔ صرف تین مہینے میں بل بتدریج بڑھتے ہوئے تین گنا ہو گیا۔ مئی میں گھریلو صارفین کا بل گیارہ روپے تین پیسے فی یونٹ تھا جبکہ وہی بل اگست میں 36روپے 58پیسے فی یونٹ کے حساب سے بھجوائے گئے ہیں جس نے غریب عوام کو زندہ درگور کر کے رکھ دیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی بلوں سے تمام ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے۔ بعدازاں انتظامیہ نے مذاکرات کے بعد سڑک کو کھلوا دیا لیکن ٹریفک کئی گھنٹوں تک بلاک رہی۔