پشاور (جنگ نیوز) صوبائی دارلحکومت پشاور میں ڈپٹی کمشنر پشاور کے دفتر میں کنٹرول روم قائم۔ کنٹرول روم میں تمام محکموں کے نمائندے 24/7 ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خا ن صوبائی دارلحکومت پشاور میں حالیہ سیلاب صورتحال کے حوالے سے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام الحق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریلیف) محمد عمران خان سمیت آرمی افسران، محکمہ آبپاشی اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دریاؤں وندی نالوں میں سیلاب کی صورتحال پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔ تمام محکموں نے اپنے وسائل، مشینری اوردیگر سہولیات کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی اور کہا کہ خدانخواستہ سیلاب کی صورتحال کے لیے مکمل تیار ہیں اور دریاؤں کے کنارے موجود آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے اور علاقوں میں اعلانات کر دیے گئے ہیں اور تمام متعلقہ سٹاف دریاؤں کے کنارے ڈیوٹیاں سرانجام دیتے ہوئے پانی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور میں تمام متعلقہ محکمے خدانخواستہ کسی بھی ایمر جنسی حالات کے لیے مکمل تیار ہیں اورتمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دیں گئیں ہیں۔ انھوں نے مقامی آبادی و عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھی دریاؤں و ندی نالوں پر مکمل نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی میں ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبر 0919211338 پر فوری اطلاع دیں۔