• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے خلاف پہلے T20 کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان

دبئی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف کراچی میں شیڈول پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈریلیف فنڈ 2022 میں جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی سی بی ابتدائی تخمینے کے مطابق رقم اگلے ماہ ریلیف فنڈ میں جمع کرادے گا، متاثرین کو فوری فنڈز کی ضرورت ہے اس لئے تخمینہ لگاکر عطیہ جمع کرارہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کراچی میں پہلے ٹی20 سے ایک کروڑ کی آمدنی متوقع ہے پی سی بی کراچی میں موجود شائقین کرکٹ سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس میچ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ سیلاب زدگان کی امداد کی جاسکے۔ اس سیریز کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آئندہ ہفتے سے شروع ہوگی۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے مون سون کی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں کو تباہی کا سامنا ہے۔ انہوں نےکہا کہ کرکٹ پاکستان کی عوام کو متحد کرتی ہے، لہٰذا ہر مشکل اور آزمائشی وقت کی طرح پی سی بی اس مرتبہ بھی شائقین کرکٹ اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ سے حاصل ہونے والی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈریلیف فنڈ میں عطیہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کرکٹ کو بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنا چاہیے تاکہ وہ سب ایک کرکٹ فیملی کی حیثیت سے سیلاب سےمتاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خوراک ، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کے ٹرک بھجوا چکا ہے۔ وہ اپنے لوگوں اور ریسکیو آپریشنل ٹیموں کی ہر طرح سے مدد کرتے رہیں گے۔ ان کے احساسات اور دعائیں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔