• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس اور عالمی ہاکی چیمپئن، 15 گولڈ میڈل جیتنے والے منظور جونیئر انتقال کرگئے

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان، چیف سلیکٹر منظور حسین جونیئر پیر کو لاہور میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ انہیں بعد نماز عشاء سپرد خاک کردیا گیا، چند ماہ قبل ان کی اہلیہ کا بھی انتقال ہوا تھا۔ انہیں پیر کی صبح دل میں تکلیف کی شکایت پر مقامی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کو تین اسٹنٹ بھی ڈالے مگرجانبر نہ ہوسکے۔ منظور جونیئر پاکستان کے واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے مختلف عالمی اور ایشیائی مقابلوں میں 15گولڈ میڈلز جیتے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے آخری بار1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا، منظور جونیئراکتوبر 1958کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محمد علی پاکستان آرمی سے وابستہ تھے۔ ان کا انٹر نیشنل کیرئیر1975اور 1984تک جاری رہا ۔ انہوں نے175 میچوں میں86گول اسکور کئے۔ انہوں نے 1975 کوالالمپور،1978 بیونس آئرس ،1982 ممبئی ورلڈکپ،1978بنکاک، 1982دہلی، ایشین گیمز1978،1980 چیمپئنز ٹرافی،1979 جونیئرورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ان کے انتقال کی خبر عالمی میڈیا نے بھی نمایاں نشر کی، انہوں نے 1982کے ورلڈ کپ فائنل میں چھ جرمن کھلاڑیوں کو چکما دے کر گول کیا ، منظور حسین اور ان کے دو بھائیوں، مقصود حسین اور محمود حسین نے 1984 میں کراچی میں مینز ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں ایک میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ ان کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر( ر) خالد سجاد کھوکھر، سکریٹری سید حیدر حسین، سابق کپتان اصلاح الدین، سمیع اللہ، حسن سردار، حنیف خان، کلیم اللہ، ناصر علی، ایاز محمود، قمر ضیاء، خواجہ جنید، دانش کلیم، انٹرنیشنل کھلاڑی محمد علی خان، جان محمد، عارف بھوپالی، پرویز اقبال، عارف پراچہ، پروفیسر رائو جاوید، پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر جنرل(ر) عارف حسن، سکریٹری خالد محمود، پاکستان اسپورٹس کے ڈی جی کرنل (ر) آصف زمان ، سابق سکریٹری شہباز احمد، آصف باجوہ، رانا مجاہد علی خان نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ منظور جونیئر نے لواحقین میں تین صاحب زادے اور ایک صاحب زادی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ منظور حسین جونیئر آرمی چیف جنرل باجوہ کے ذاتی دوست بھی تھے۔
اہم خبریں سے مزید