• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر ہسپتال کے سامنے تیزرفتار ٹریفک سے حادثات معمول بن گئے

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)بے نظیربھٹوہسپتال کے سامنے تیزرفتارگاڑیوں کی آمدورفت کےباعث ٹریفک حادثات آئے روز کامعمول بن گئے ،پیدل چلنے والوں کے لئے مری روڈ کو کراس کرنا انتہائی دشوار ہو گیا۔ راولپنڈی اوراسلام آبادکو ملانے والی مرکزی شاہراہ مری روڈپردوفلائی اوورزاورایک انڈر پاس کی تعمیرکے باوجودٹریفک کارش کم نہیں ہو سکا بلکہ بعض مقامات پر ٹریفک کادباؤ مزیدبڑھ گیا ہے۔ ٹریفک دباؤوالے ان مقامات میں سے ایک راولپنڈی کے مصروف ترین بے نظیر بھٹو ہسپتال کے سامنے کاعلاقہ بھی ہے جہاں دورویہ کشادہ سڑک پردن بھر ٹریفک اورلوگوں کارش رہتاہے اور گاڑیوں کی تیزرفتاری کے باعث یہاں سڑک کراس کرنا انتہائی مشکل ہوچکاہے ۔ ہسپتال میں علاج معالجے کے لئے آنے والے مریضوں اوران کے تیمارداروں کو عموماً ہسپتال کے مین گیٹ سے نکل کرادویات کی خریداری اورمختلف میڈیکل ٹیسٹ کرانے کے لئے سڑک کراس کرکے دوسری جانب آنا جاناپڑتاہے جو ان کے لئے انتہائی دشواربن چکاہے اوراس دوران کئی مرتبہ حادثات بھی رونما ہوچکے ہیں جن میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ۔ شہریوں کے مطابق ضرورت اس امر کی ہے کہ متعلقہ ادارے یہاں پیدل چلنے والوں کی مشکلات کوملحوظ رکھتے ہوئے اوورہیڈ پل بنایاجائے ۔ ا س حوالے سے صوبائی حکومت اورمیونسپل کارپوریشن کے ذمہ داروں کو فوری ایکشن لینا چاہئیے ۔
اسلام آباد سے مزید