اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جلسہ جلسہ کھیلنے والے ہماری توجہ کام سے نہیں ہٹا سکتے، خیبرپختونخوا میں لوگ مدد کیلئے ہیلی کاپٹر کو ترس رہے تھے، دوسری طرف ہیلی کاپٹر عمران خان کا جلسہ گاہ خشک کرنے میں لگا تھا۔یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ فلیش اپیل کے بعد اقوام متحدہ کی ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر جولین ہارنس کے ساتھ پریس بریفنگ میں کہی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے 23 اور بلوچستان کے 30 اضلاع ڈوبے گئے، یہ پانی مہینوں تک مشکل سے نکلے گا، فی الحال فوری طور پر کہیں سے پانی نکالا جانا ممکن نہیں ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت حکومت کی امداد کی ڈیمانڈ استعداد سے بھی بڑھ کر ہے، دوست ممالک کی مدد سے ہماری استعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔