راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے ٹویٹ اور بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا قرضہ منظور ہوا کوئی جیک پاٹ نہیں لگا، بھیانک معاہدوں کے بعد اب صاحب حیثیت کیلئے بھی بجلی کے بلوں کی ادائیگی مشکل ہو چکی ہے، متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے اتحادی حکومت بھی عمران خان کی طرح ٹیلی تھون کرکے دیکھ لے اپنی حیثیت اور مقبولیت کا اندازہ ہو جائے گا، گزشتہ ساڑھے چار ماہ میں ہونے والی ریکارڈ مہنگائی سے عوام کا صبر جواب دے چکا ہے پانی کے بعد اب عوام کا ریلا سڑکوں پر ہوگا، موجودہ حکمران بھارت سے تجارت کے بعد اب اسرائیل کی طرف بھی بڑھیں گے، ایک بیان میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ عمران خان کیلئے گڑھا کھودنے والے جلد خود اسی گڑھے میں گرنے والے ہیں، عمران خان نے قوم کو ایسا شعور دیدیا ہے کہ اب مسلم لیگ اور پیپلزپارٹی سمیت اتحادی جماعتوں کیلئے اپنے حلقوں کا دورہ بھی مشکل ہو گیا ہے یہی وجہ ہے کہ چودہ رکنی اتحاد کے ساتھ ساتھ اتحادی جماعتوں کے اندر بھی ٹوٹ پھوٹ ہونے لگی ہے۔