شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)ایشیا کپ کرکٹ سپر فور کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے ایک اور مضبوط ٹیم افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد چار وکٹ کی حیران کن شکست دے دی اور گروپ میچ میں ہار کا بدلہ بھی لے لیا۔میچ کا فیصلہ پانچ گیند پہلے ہوا۔بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی کے اعتماد کے ساتھ سری لنکا نے افغانستان کو ہراکر ٹورنامنٹ میں پہلی شکست سے دوچار کیا۔راجا پاکسے نے14گیندوں پر31رنز بناکر میچ کو ختم کردیا۔ہفتے کی شب شارجہ میں افغانستان نے دو اہم کیچ ڈراپ کئے۔نوین الحق کے چار اوورز میں40اور راشد خان کے چار اوورز میں39رنز بنے۔سری لنکا نے پروفیشنل انداز میں افغانستان کو آوٹ کلاس کردیا۔افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6وکٹ پر175رنز بنائے۔سری لنکا نے ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر چھ وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ہسرنگا16اور کرونا رتنے پانچ رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔ہدف کے تعاقب میںسری لنکا کی پہلی وکٹ پر62رنز بنے۔کوشال مینڈس نے35رنز بنائے۔نسانکا نے35رنز بنائے ۔آخری پانچ اوورز میں49رنز کی ضرورت تھی۔رحمن اللہ گرباز نے ٹورنامنٹ کی سب سے بڑی84رنز کی اننگز کھیلی۔رحمن اللہ نے حضرت اللہ زازئی کے ساتھ پہلی وکٹ پر29گیندوں پر46رنز کا اضافہ کیا ۔حضرت اللہ نے13رنز بنائے۔ دوسری وکٹ پررحمن اللہ اورابراہیم کے درمیان93رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی۔سری لنکا کا ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا بولر مشکلات سے دوچار دکھائی دیئے۔