• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان آج بھارت سے بدلے کیلئے بے چین، شائقین میں زبردست جوش

شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آغا زسے قبل پاکستان نے ہانگ کانگ کو ریکارڈ مارجن سے شکست دے کر حریف ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی اور اب پاکستان اتوار کو روایتی حریف بھارت کے خلاف دوسرے مرحلے میں اپنا پہلا میچ کھیلے گا۔پاکستان کے لئے بری خبر یہ ہے کہ فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اتوار کو بھارت کے خلاف میچ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔چونکہ یہ ممکنہ طور پر سائیڈ اسٹرین انجری ہے، لہٰذا میڈیکل ٹیم آئندہ 48 سے 72 گھنٹے تک شاہنواز دھانی کی انجری کا معائنہ کرے گی، جس کے بعد ان کی انجری کا اسکین یا ان کی ٹورنامنٹ میں مزید شرکت سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ان کی جگہ حسن علی یا محمد حسنین کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔بھارتی فاسٹ بولر اویش خان بھی فلو میں مبتلا ہیں ان کی شمولیت کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔ایک ہفتہ قبل دبئی ہیں بھارت نے پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی اس لئے پاکستان شکست کا بدلہ لینے کے لئے بے چین ہے۔ہائی وولٹیج میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے ہفتے کو آرام کو ترجیح دی دوسری جانب ایک بار پھر میچ کے ٹکٹ نایاب ہوگئے ہیں اور شائقین میں زبردست جوش و خروش ہے۔بدھ سات ستمبر کو پاکستان کا مقابلہ افغانستان سے شارجہ میں ہو گا جبکہ جمعہ نو ستمبر کو سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے مقابل ہو گی۔پاکستان کے لئے تشویش کی بات کپتان بابر اعظم کی دو میچوں میں بیٹنگ فارم ہے۔محمد رضوان نے کہا کہ بابر کی نظر اتروانے کے لئے یہ کارکردگی کافی ہے۔وہ سال سے ہر میچ میں رنز بنا رہا ہے لیکن بھارت کے خلاف اس سے بڑی کارکردگی کی توقع ہے۔بھارتی ٹیم پاکستان اور ہانگ کانگ کو ہراکر ٹورنامنٹ میں نا قابل شکست ہے ۔بھارت کے آل راونڈر رویندر جڈیجا ان فٹ ہوکر واپس جاچکے ہیں ان کی جگہ اکسر پٹیل نے لی ہے۔جڈیجا نے پاکستان کے خلاف حارث روف کے ایک اوور میں تین چوکے مارکر جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔رضوان کی خواہش ہے کہ گیارہ ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کھیلا جائے۔ بھارت کے خلاف میچ پریشر والا ہوتا ہے، فائنل والا میچ ہی ہوتا ہے، چیزوں کو نارمل رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ مذاق میں آپس میں کہہ چکے ہیں اگر فائنل میں بھارت آ گیا تو بیسٹ آف تھری سیریز ہی ہوگئی ہے۔رضوان کا کہنا ہے کہ یہ دونوں میچوں کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئینٹی سیریز بن جائے گی۔شارجہ کی وکٹ سلو ہوتی ہے، پاور پلے میں اسکور تھوڑا ہوتا ہے، کنڈیشن بہت مشکل تھی اس لیے شروع میں دھیان رکھنا پڑتا ہے کہ وکٹ نہ گنوائیں۔

اہم خبریں سے مزید