دبئی (عبدالماجدبھٹی/ نمائندہ خصوصی) ایشیا کپ کرکٹ سپر فور میں پاکستان نے محمد نواز اور محمد رضوان کی پراعتماد بیٹنگ کی بدولت بھارتی غرور کو خاک میں ملادیا اور میچ شاندار انداز میں پانچ وکٹ سے جیت لیا۔ محمد نواز پاکستان کیلئے ٹرمپ کارڈ ثابت ہوئے، انہوں نے بازی پلٹ دی۔سنسنی خیز اور اعصاب شکن میچ کا فیصلہ ڈرامائی انداز میں ایک گیند پہلے ہوا۔ پاکستان نے فائنل کی جانب پہلا قدم رکھ دیا۔ وننگ شاٹ افتخار احمد نے کھیلا۔ خوش دل شاہ 11رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ بابر اعظم اور فخر زمان کے جلد آئوٹ ہونے کے باوجود پاکستانی بیٹرز نے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا اور گروپ میچ میں اپنی شکست کا بدلہ لے لیا۔ ایک کیچ ڈراپ ہونے کے بعد آصف علی نے9 گیندوں پر16 رنز بنائے۔ وہ آئوٹ ہوئے تو اس وقت دو گیندوں پر دو رنز کی ضرورت تھی۔ محمد رضوان 51 گیندوں پر 71 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں دو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ پاکستان نے 182 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ٹرننگ پوائنٹ محمد نواز کو چوتھے نمبر پر بھیجنا تھا۔ یہ فیصلہ درست ثابت ہوا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 42 جارحانہ رنز بناکر بھارت کی جیت کی امیدوں کو ختم کردیا ان کی اننگز میں دو چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔ محمد نواز اور محمد رضوان نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں73 رنز 41 گیندوں پر بناکر میچ کا نتیجہ پاکستان کے حق میں پلٹ دیا۔ آخری دو اوورز میں 26 رنز کی ضرورت تھی۔ آخری اوور میں سات رنز درکار تھے۔ پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ بابر اعظم14رنز بناکر بشنوئی کی گیند پر کیچ ہوگئے۔پہلا وکٹ 22 رنز پر گرا۔ فخر زمان15رنز بنانے کے بعد یزویندر چاہل کا شکار بنے۔ اس موقع پر بابر۲ اعظم نے محمد نواز کو بیٹنگ کے لئے بھیجا۔ آخری دس اوورز میں 106 رنز کی ضرورت تھی۔ محمد رضوان نے نصف سنچری37گیندوں پر بنائی ۔ ٹورنامنٹ میں یہ ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔ آخری پانچ اوورز میں پاکستان کو جیتنے کیلئے 47 رنز کی ضرورت تھی۔ پاکستان کے اچھے فیلڈرز میں سے ایک فخر زمان نے میچ کی آخری دو گیندوں پر دو مس فیلڈز کے باعث دو چوکے دے دیئے جس کی وجہ سے حارث رؤف کے بہترین آخری اوور میں 10 رنز بن گئے، اور یوں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 182 رنز کا ہدف دیا ۔ بھارت نے آخری دس اوور ز میں89 رنز دیے۔ بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی اوپنر نے 26 گیندوں پر پچاس رنز مکمل کئے۔ نسیم شاہ نے اپنے ا سپیل میں آخری اوور میں اچھی بولنگ کی ۔ اس اوور میں صرف سات رنز بنسکے اور انھوں نے دیپک ہوڈا کی وکٹ بھی حاصل کی۔ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف اپنے اچھے ریکارڈ کو برقرار رکھا اور محمد حسنین کے آخری اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر نصف سنچری مکمل کر لی ہے۔ انھوں نے یہ نصف سنچری 36 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے مکمل کی وہ60 رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ نائب کپتان شاداب خان نے اپنے چار اوورز میں صرف 31 رنز دیے اور دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز نے پہلے پاور پلے میں بہترین اوور کروایا اور پھر اپنے اگلے تین اوورز میں اچھی بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 25 رنز دیے اور سوریا کمار یادو کی وکٹ بھی حاصل کی۔ پہلے دس اوورز یوں تو بھارت کی جارحانہ بیٹنگ کے نام رہے لیکن پاکستانی ا سپنرز کی دو وکٹوں کی بدولت اسکور 93 رہا۔کے ایل راہول اور روہت شرما28،28رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ سوریا کمار13، رشابھ پنت 14، ہاریک پانڈیا صفر پر آئوٹ ہوئے۔ نسیم شاہ مہنگے رہے انہوں نے45، حارث اور محمد حسنین نے38،38رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔