• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوابشاہ طرز کے ٹینٹ سٹی جامشورو‘ کوٹلی عمرکوٹ میں بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) بحریہ ٹائون سندھ‘ بلوچستان‘ جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کیلئے خیمے تقسیم کریگا۔ اسکے علاوہ نوابشاہ میں جس طرز کا ٹینٹ سٹی بحریہ ٹائون کے چیئرمین ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض ملک نے پایہ تکمیل کو پہنچایا ہے‘ اسی طرز پر چیئرمین بحریہ ٹائون نے جامشورو‘ کوٹلی‘ عمرکوٹ میں قیامت خیز سیلاب سے بے خانما ہونے والے خاندانوں کیلئے ٹیسٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ٹینٹ سٹی جنوبی پنجاب میں ڈیرہ غازی خان‘ تونسہ اور خیبر پختونخوا میں سوات‘ چارسدہ اور دوسرے سیلاب سے تباہ ہونے والے دیہات کے لوگوں کیلئے بھی بنائے جائینگے۔ بحریہ ٹائون نے سندھ‘ بلوچستان‘ خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب کے متاثرین سیلاب کو چھت فراہم کرنے کیلئے اعلیٰ کوالٹی کے خیموں کی تقسیم شروع کر دی ہے۔ چیئرمین ملک ریاض حسین نے کہا کہ چھت اور عزت فراہم کرنے والی اللہ تعالیٰ کی ذات ہے‘ اللہ تعالیٰ نے اُنہیں جو رزق دیا ہے وہ اُسے حالیہ بدترین سیلاب سے تباہ حال ہونے والے پاکستانی عوام کیلئے خرچ کرینگے۔ اس کیلئے بلوچستان‘ سندھ‘ جنوبی پنجاب کے بری طرح تباہی سے دوچار بے گھر لوگوں کیلئے دستر خوان مزید کھولیں گے اور ہزاروں خاندانوں کو خشک راشن کی تقسیم کا سلسلہ اور تیز کرینگے۔ بحریہ ٹائون کی جانب سے سندھ‘ جنوبی پنجاب‘ بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں جس جذبہ حب الوطنی کے ساتھ کام ہو رہا ہے ان علاقوں کے متاثرین کے مطابق اسکی مثال کہیں نہیں ملتی۔ سیلاب کی تباہ کاریوں کا سب سے بڑا مسئلہ جو وہاں کے لوگوں کو درپیش تھا‘ وہ یہ تھا کہ اُنکے گھر پوری طرح تباہ ہو چکے ہیں اور سیلاب کے پانی نے نہ صرف اُنکی گھر کی دیواروں کو گرا دیا تھا بلکہ گھر کا سامان بھی بالکل تباہ ہو کر رہ گیا ہے جس نےلوگوں کے حوصلوں کو مزید پست کر دیا۔ سینکڑوں نہیں ہزاروں خاندان کھلے آسمان تلے اس ساری تباہی کو دیکھ رہے ہیں۔ بحریہ ٹائون کی ٹیموں نے فوری طور پر یہ فیصلہ کیا کہ سب سے پہلے ان لوگوں کیلئے چھت فراہم کی جائے تاکہ متاثرین کو موسم کی سختی سے محفوظ رکھا جاسکے۔ اس حوالے سے بحریہ ٹائون کراچی کے ویلفیئر منیجر شہباز علی چاچڑ کا کہنا تھا کہ جب وہ سیلاب سے تباہ زدہ علاقوں میں گئے تو لوگ تباہ حالی کا شکار تھے۔ انہیں فوری طور پر رہنے کیلئے کیمپوں کی ضرورت تھی‘ اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر علی ریاض ملک نے امدادی ٹیموں کو تشکیل دیا اور فوری طور پر کیمپوں کو بنانا شروع کیا‘ اسلئے سندھ‘ بلوچستان‘ کے پی اور جنوبی پنجاب میں ٹیسٹ سٹی بنانے کا سلسلہ تیز تر کیا گیا ہے۔ ملک ریاض حسین نے سندھ‘ بلوچستان‘ جنوبی پنجاب کے متاثرین کیلئے امدادی سامان کے ساتھ ساتھ میڈیکل ٹیمیں بھی بھجوانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ان ٹیموں کے پاس لاکھوں روپے کی ادویات ہونگی اور وہ سیلاب سے پیدا شدہ بیماریوں کے مریضوں کو مفت طبی سہولیات اور ادویات فراہم کریں گی۔

اہم خبریں سے مزید