• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمع و ترتیب: محمّد زکریا رفیق

نظرثانی: پروفیسر ڈاکٹر شیر محمّد زمان چشتی

صفحات: 761، قیمت: 2000 روپے

ناشر: بزمِ اقبال، 2 کلب روڈ، لاہور۔

پروفیسر عبد القیوم عربی اور علومِ اسلامیہ کے استاد، بلند پایہ محقّق اور کئی کتب کے مصنّف تھے۔ 1909ء میں پیدا ہوئے۔20جِلدوں پر مشتمل مشہور عربی لغت’’لسان العرب‘‘کے اشعار اور شعرا کا اوّلین اشاریہ تیار کرکے علمی حلقوں میں شہرت حاصل کی۔30برس تک مختلف کالجز میں تدریس کے بعد زندگی کے آخری21سال پنجاب یونی ورسٹی کے علمی منصوبے، اردو دائرہ معارفِ اسلامیہ سے وابستہ رہے۔ 1989ء میں وفات پائی۔ زیرِ تبصرہ کتاب میں نہایت جامعیت اور خُوب صُورتی سے اُن کی زندگی کے تقریباً تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ کتاب پانچ حصّوں میں تقسیم کی گئی ہے۔پہلا حصّہ اورینٹل کالج میگزین کے’’ پروفیسر عبدالقیوم نمبر‘‘ پر مشتمل ہے،جو 1990ء میں شایع ہوا تھا، تاہم اس کے مواد پر نظرثانی بھی کی گئی ہے۔

دوسرا حصّہ نئے مضامین کے نام سے ہے،جس میں پروفیسر صاحب کے تلامذہ اور دیگر اہلِ قلم کے14مضامین شامل ہیں۔ تیسرا حصّہ اُن کی چند اہم تحاریر پر مبنی ہے۔ چوتھے حصّے میں اُن کی تصانیف اور علمی خدمات کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

یہ حصّہ تین ذیلی ابواب میں منقسم ہے، جن میں اُن کی اردو دائرہ معارفِ اسلامیہ کے حوالے سے خدمات کا خاص طور پر بیان ہے۔پانچواں حصّہ’’ آثارِ خیر‘‘ کے عنوان سے ہے۔اس میں پروفیسر صاحب کے کتب خانے، مرکز اسلامی تحقیق و تالیف یعنی دارالمعارف،لاہور اور اُن کی مبارک مسجد کا تذکرہ ہے۔مجموعی طور پر یہ کتاب پروفیسر صاحب کی حیات و خدمات کی ایک معیاری اور نہایت ہی عُمدہ دستاویز ہے۔