• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں جعلی چائے کی پتی تیار کرنے والا گروہ پکڑا گیا

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے رام پورہ گیٹ کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ایک کارخانے سے بڑی مقدار میں جعلی چائے کی پتی برآمد کرلی۔ کریک ڈاون کے دوران یونٹ میں جعلی چائے کی پتی رنگے ہاتھوں پکڑی گئی، کارخانے سے 5000 کلو سے زائد جعلی چائے کی پتی برآمد کی گئی۔ کاروائی کے دوران کارخانے کو سربمہر کردیا گیا۔ کاروائی کے دوران یونٹ سے 600 لیٹر سے زائد مضر صحت رنگ بھی برآمد کیا گیا، جس سے چائے کو رنگ دیا جارہا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق چائے کی پتی کی تیاری میں مضر صحت رنگوں کے ساتھ مہندی، چینی، اور خراب گڑ سمیت مختلف مضر صحت اشیا کی ملاوٹ کی جارہی تھی۔ چائے کی پتی میں چنے کے چھلکوں کا استعمال بھی کیا جارہا تھا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کارخانے میں تیار ہونے والی جعلی چائے کی پتی کو صوبے کے مختلف مقامات پر سپلائی کیا جاتا تھا۔ کاروائی میں جعلی چائے کی پتی تیار کرنے پر یونٹ کو سربمہر کردیا گیا، جبکہ پتی کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں و دیگر سامان بھی ضبط کرلیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق چائے کی پتی میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ خوراک میں ملاوٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری بھی مضر صحت خوراک کا کاروبار کرنے والوں اور ملاوٹ میں ملوث افراد کے خلاف ہمارے ٹال فری نمبر 080037432 پر اپنی شکایات درج کرائیں، تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کاروائی کی جاسکیں۔
پشاور سے مزید