سارہ علی
گھر ایک جنت نہ صرف عورت کے سلیقے اور ہنر مندی سے بنتا ہے بلکہ اس کی مسکراہٹ خوشگوار فضا کی ضامن ہوتی ہے۔ ہر نئے دن کا آغاز اور روزمرہ کے اُمور فہرست کو اپنے ذہن میں ترتیب دینا اور ہر کام کو اس کے مقررہ وقت میں انجام دینے کی تھکن آپ کے عضلات میں تناؤ پیدا کرتی ہے،جس کا کبھی کبھی اظہار آپ کی ٹینشن اور ڈپریشن کی شکل میں ہوتا ہے، جس کے باعث جلد کی سطح پر ابھرنے والی لکیریں جھریوں کا پیش خیمہ ثابت ہوتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ سر انجام دیے جانے والے کاموں میں مناسب وقفہ رکھیں اور اپنے لئے ضرور وقت نکالیں۔
روزانہ صبح اپنے معمول میں یہ بات شامل کر لیں کہ سب سے پہلے تازےپانی سے منہ، ہاتھ اور پاؤں لازمی دھوئیں۔پانی کے چھینٹے آپ کی جلد کو تروتازہ تو کریں گے۔ آپ کو بھی ایک فرحت بخش تازگی کا احساس ہو گا۔ آزما کر دیکھیں۔ آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر ایک لمحے کے لئے اپنے آپ کو دیکھ کر مسکرائیں اورگہرا سانس لے کر خود کو دن بھر کی آزمائش کے لئے تیار کریں۔
زندگی میں معمولی تبدیلیاں بھی مزاج پر اپنے اثرات چھوڑتی ہیں۔ یہ ہمیں زندگی کی یکسانیت اور بیزاری سے نجات دلاتی ہیں۔ بعض خواتین شاپنگ کر کے ، گھومنے پھرنے یا کسی سہیلی کے گھر جانے کے لئے تیار ہوتی ہیں تو نیا سوٹ اور میچنگ کی چیزیں موڈ کو خوشگوار بنا دیتی ہیں۔ لیکن متوسط طبقہ ان خواہشات کے بارے میں سوچ نہیں سکتا۔ اس لیے ان کے لئے بس اتنا ہی کہنا ہے کہ اگر گھر میں خلاف ِمزاج بات ہو یا پھر آپ کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے تو اپنے موڈ کو بدلنے کے لئے ایک لمحے یہ سوچئے ایسا کیا کام اور مصروفیت ہو سکتی ہے جو اس کیفیت سے نکلنے میں آپ کی مدد کر سکے۔
یہ بات مشاہدے میں آئی ہے اور یقینی طور پر کہی جا سکتی ہے کہ اپنے آپ کو توجہ دینے اور اپنے اوپر وقت صرف کرنے سے آپ بہتر محسوس کر سکتی ہیں۔ زندگی میں خوشیوں کے لمحات لانے اور اپنے ارد گرد رہنے والوں کی توجہ حاصل کرنے میں آپ کا دلکش اور نکھرا چہرہ ایک اہم کردار ادا کرتا ہے، اس پر خاص توجہ دیں۔ اپنی آنکھوں میں کاجل اور برش کے ذریعے آنکھوں کے کناروں پر موٹے حاشیے لگائیں۔
یہ نئی لک آپ کا موڈ خوشگوار بنانے میں مدد کرے گی۔ رخساروں پر ہائی لائیٹر لگائیں ہلکی سی شوخ رنگ کی لپ اسٹک کی کوٹنگ کریں ، اس سے نہ صرف موڈ بدلے گا بلکہ اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔ اپنی ذات پر اعتماد ہی آپ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ جب کبھی کسی وجہ سے طبیعت بوجھل ہو یا دل اداسی کا شکار ہو تو ہلکا سا میک اپ کریں۔ چہرے کے نقوش ابھاریں۔ یہ توجہ آپ کے مزاج میں مثبت تبدیلی لائے گی۔
یہ جان لیجیے کہ زندگی مسائل میں گھری ہو تو آپ کا رویہ اور آپ کی اپنی ذات کی طرف توجہ نہ صرف منفی صورتحال سے آپ کو نکلنے میں مدد دے گی بلکہ آپ کے لبوں کی مسکراہٹ ذہنی دباؤ کو کم کرنے میں معاون ہوگی اور آپ بہتر طور پر اپنے فرائض خوش دلی سے انجام دے پائیں گی۔
زندگی آپ کے لیے انمول تحفہ ہے۔ اسے کبھی بھی بوجھ اور اپنے لیے مصیبت نہ سمجھیں۔ مشکلات سب پر آتی ہیں با ہمت خواتین وہ ہوتی ہیں، جو ان مشکلات کا سامنا کرنے کی طاقت خود میں پیدا کرلیتی ہیں۔ یاد رکھیں ہر وقت اداس اور پریشان رہنا نہ صرف آنے والے دنوں میں آپ پر منفی اثرات مرتب کرے گا بلکہ آپ کی جلد کی رونق اور خوبصورتی بھی ماند پڑجائے گی۔ اس لیے مسکراہٹ کو اپنی شخصیت کا لازمی حصہ بنائیں۔