مجاہد لکھیم پوری
اچھی اچھی ، پیاری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی
ڈالی ڈالی ، اُڑتی جائے
پھول پھول کا رس پی آئے
پکڑو ، تو اُڑ جاتی ہے یہ
اِدھر اُدھر مُڑ جاتی ہے یہ
پھرتی ماری ماری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی
نرم ملائم ، چکنے چکنے
پَر ہیں اس کے مخمل جیسے
پھول پھول کا رنگ اُڑا کر
اپنے پنکھوں پر پھیلا کر
کرتی ہے ، گل کاری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی
سب کے دل کو بھانے والی
ہاتھ مگر کب آنے والی
ہری ، گلابی ، چتلی ، پیلی
کالی ، لال ، سنہری ، نیلی
رب نے خوب سنواری تتلی
رنگ رنگیلی ، نیاری تتلی