اسلام آباد ( طاہر خلیل ) یہ وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس تھا پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کا مرحلہ آیا تو میاں نواز شریف نے فیصلہ کیا کہ تین شخصیات کو پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لئے مدعو کیا جائے گا ۔
ان میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا نام سر فہرست تھا،جنہوں نے پاکستان کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
دوسرے نمبر پر ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کا نام تھا ،جن کے دورے کا استدلال پیش کیا گیا کہ پاکستان نے 50 برس پہلے (1997۔1947)انگریزوں سے آزادی حاصل کی تھی ،اسلئے ملکہ برطانیہ کو خصوصی تقریبات میں مدعو کیا جائے اور تیسرے نمبر قائد اعظم کی صاحبزادی مسز دینا واڈیا تھیں جن کا نام چوہدری شجاعت حسین نے تجویز کیا تھا ملکہ برطانیہ الزبتھ کیلئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا اہتمام کیا گیا پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کا یہ سب سے بڑا واقعہ تھا۔
تاج برطانیہ کے تسلط سے مکمل طور پر نکل جانے کے بعد بھی ملکہ الزبتھ کا پاکستان سے تعلق قائم رہا ملکہ الزبتھ نے 18 اکتوبر 1997 کو قومی اسمبلی اور سینٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے بعد سپیکر چیمبر میں اس وقت کی اپوزیشن لیڈر محترمہ بے نظیر بھٹو سے ملاقات کی۔