ٹورنٹو (جنگ نیوز ) بھارتی پنجاب میں سکھوں کیلئے علیحدہ وطن کے لئے خالصتان ریفرنڈم کا اگلا مرحلہ کینیڈا کے شہرٹورنٹو میں 18ستمبر کو ہوگا، جس میں سکھوں کو ریفرنڈم کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کرنے، ایجنڈا طے اور آگاہی پیدا کرنے اور ہندوستان پر خالصتان کے قیام کے لیے سرکاری ریفرنڈم کرانے کیلئے دباؤ ڈالنے کا موقع ملے گا۔سکھز فار جسٹس نامی تنظیم کے زیر اہتمام خالصتان ریفرنڈم ٹورنٹو کے نواحی علاقے برامپٹن میں ہوگا ۔جمعرات کو ہونے والے ریفرنڈم کے بارے میں ایک پریس کانفرنس اور آن لائن گفتگو میں پنجاب ریفرنڈم کمیشن کے سربراہ ایم ڈینی واٹرس نے کہا کہ ریفرنڈم آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہوگا۔پنجاب ریفرنڈم کمیشن آزادی کے ریفرنڈم اور براہ راست جمہوریت کے بارے میں عالمی شہرت یافتہ غیر وابستہ ماہرین کا ایک پینل ہےجس کا مشن غیر سرکاری پنجاب آزادی ریفرنڈم کی نگرانی کرنا ہے۔