لاہور(جنگ نیوز)اے پی این ایس کی ریجنل پریس کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین محمد ہمایوں گلزار کی زیرِ صدارت لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ کلیئرنس کا سابقہ نظام بحال کیا جائے۔ کیونکہ کلائنٹ سے ڈائریکٹ ادائیگی میں بہت تاخیر کا سامنا ہے جس کے نتیجہ میں پرنٹ میڈیا کے ادارے بالخصوص ریجنل اخبارات موجودہ ادائیگی کے غیر یقینی طریقہ کار کی وجہ سے شدید مالی بحران کا سامنا کررہے ہیں ۔ وفاق کے متعدد اداروں کی طرف سے اخبارات کے طویل عرصہ سے بل واجب الادا ہیں۔عرصہ دراز سے حکومتی اشتہارا ت کے نرخوں میں اضافہ تاحال التواء کا شکار ہے ، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی طرف سے اشتہارات کے نرخوں میں اضافہ کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔اشتہارات کی سنٹرلائزیشن پالیسی ختم کی جائے اور کلائنٹ (اداروں ) کو اپنا میڈیا تجویز کرنے کی سابقہ پالیسی بحال کی جائے اس سے اخبارات کے اشتہارات کے حجم میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی ساتھ پی آئی ڈی کو مختلف اداروں کے اشتہارات کے میڈیا میں ایڈیشن کی زیادہ گنجائش میسر آئے گی ۔ پی آئی ڈی کے ریجنل دفاتر کراچی ، حیدرآباد ، کوئٹہ ، لاہور اور پشاور کو بھی بااختیار بنایا جائے مذکورہ دفاتر کے تجویز کردہ میڈیا کو تبدیل کرنے کی پالیسی کو فوری طور پر ختم ہونا چاہئے ۔ریجنل اخبارات کے 25فیصد کوٹہ کے مطابق ریجنل اخبارات کی ایڈیشن کو یقینی بنایا جائے۔