• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال، ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت پررکشہ ڈرائیور کو قتل کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے رکشہ ڈرائیور کو قتل کردیا، شہر میں رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 85ہو گئی۔مقتول نے قسطوں پررکشہ لیا تھا مقتول کے ورثاء نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائےتفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدود گلشن اقبال بلاک 3 دیوا کمپلکس کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے رکشہ ڈرائیور کو قتل کردیا اور مقتول کا موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔فائرنگ کے واقعے کی اطلاع پر ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ اور پولیس نفری موقع پر پہنچی اور مقتول کی لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت 28 سالہ محمد جمیل ولد محمد بخش کے نام سے ہوئی ۔مقتول نارتھ ناظم آباد کا رہائشی تھا جبکہ اس کا آبائی تعق لودھراں پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔مقتول دو بیٹیوں کا باپ تھا اور آن لائن رکشہ چلاتا تھا۔علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مقتول دیوا کمپلکس کے قریب موبائل فون استعمال کررہا تھا کہ اس دوران موٹرسائیکل سوار ملزمان نے مقتول سے لوٹ مار کی کوشش کی جس پر مقتول نے مزاحمت کر دی۔ملزمان نے اس پر فائرنگ کی اور مقتول کا موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے ۔
اہم خبریں سے مزید