پشاور(نیوزرپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کے ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کر دی ہے جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ا 13 قومی اسمبلی کے حلقوں میں الیکشن کے التواء کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ اس سےقبل ایمل ولی خان نے بھی ضمنی انتخابات کے التواء کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیاہے، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کا جلد از جلد انعقاد ضروری ہے، عمران خان پر 22ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لہٰذا الیکشن کیلئے بہتر وقت 20ستمبر ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نااہل ہوئے توالیکشن بے معنی ہوگا ،لہٰذا 22ستمبر سے قبل الیکشن کرایا جائے تاکہ ملک و قوم کو نقصان پہنچانے والے اس شخص کا غرور و تکبر خاک میں ملایا جا سکے، حاجی بلور نے کہا کہ اے این پی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں موجود ہے اور حیلے بہانوں سے پی ٹی آئی کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی،انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالت نظر ثانی درخواست کا جائزہ لے کر الیکشن کرانے کا حکم جاری کرے گی،انہوں نے کہا کہ عمران خان خود کو ہر قانون و آئین سے بالاتر سمجھتے ہیں ،ایسے شخص کو اس کی سیاسی حیثیت کا الیکشن کے ذریعے پتہ چل جائے گا، انہوں نے کہا کہ اپنے سیاسی مقاصد کیلئے اداروں کو دھمکانے کی روش عمران نیازی نے ڈالی ہے،ایسے میں اسے آئینی و قانونی طریقے اور عوامی مینڈیٹ کے ذریعے سیاسی میدان سے آؤٹ کر نا ضروری ہو گیا ہے۔رٹ کی سماعت جلد متوقع ہے۔