ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اقبال نے کہا ہے کہ محدود افرادی قوت کے ساتھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیب ملتان میں شاندار تجزیاتی پرفارمنس دی جا رہی ہے اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیب ملتان میں بین الاقوامی معیار کی سروسز دستیاب ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیب ملتان کے دورہ کے موقع پر کیا۔ سیکریٹری نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مختلف نمونہ جات کے تجزیاتی عمل کا بھی جائزہ لیا۔ ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیب مقدس النساء نے لیب میں طریقہ کار اور دیگر امور بارے بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر ڈرگ ٹیسٹنگ لیب مقدس النساء نے بریفنگ میں بتایا کہ لیب میں آنے والے نمونہ جات کی تجزیاتی رپورٹ 60 روز میں ہر صورت مکمل کر لی جاتی ہے اورلیب میں آنے والی مختلف ڈرگز کے 10 مختلف لیبارٹریوں میں بیک وقت ٹیسٹنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیب میں جدید اور انٹرنیشنل معیار کی مشینری پر ڈرگز ٹیسٹنگ کی جاتی ہے اورلیب24/7 فنکشنل رہتی ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 2009 سے اب تک موصول 1لاکھ 10 ہزار سے زائد نمونہ جات میں سے 1 لاکھ 9 ہزار سے زائد نمونہ جات کا تجزیہ کیا جا چکا ہے اور لیب اپنی کارکردگی کی بدولت ISO کا جدید ترین سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کر چکی ہے۔