لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان تین ماہ سے لاوارث ، حکمران جماعتیںمسائل کی بجائے وسائل پر قابض رہنے کی لڑائی میں مصروف ہیں۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی اقتدار کے لیے رسہ کشی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ شمالی علاقہ جات، مالاکنڈ ڈویژن اور دیگر علاقوں میں سردی کی آمد آمد ہے، سیلاب متاثرین کو چھت فراہم نہ کی گئی تو بحران شدت اختیار کرے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہوش کے ناخن لیں،بحالی کے کاموں میں سنجیدگی دکھائیں۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں دس سال سے اقتدار میں ہے، نام نہاد تبدیلی کی بجائے ہر شعبہ میں تباہی آئی۔ سندھ میں پیپلزپارٹی 14برسوں سے اور پنجاب میں ن لیگ 1985ءسے اقتدار کے مزے لے رہی ہے۔