مولوی اسماعیل میرٹھی
سچ کہو سچ کہو ہمیشہ سچ
ہے بھلے مانسوں کا پیشہ سچ
سچ کہو گے تو تم رہوگے عزیز
سچ تو یہ ہے کہ سچ ہے اچھی چیز
سچ کہو گے تو تم رہوگے شاد
فکر سے پاک رنج سے آزاد
سچ کہو گے تم رہوگے دلیر
جیسے ڈرتا نہیں دلاور شیر
سچ سے رہتی ہے تقویت دل کو
سہل کرتا ہے سخت مشکل کو
سچ ہے سارے معاملوں کی جان
سچ سے رہتا ہے دل کو اطمینان
سچ میں راحت ہے اور آسانی
سچ سے ہوتی نہیں پشیمانی
سچ ہے دنیا میں نیکیوں کی جڑ
سچ نہ ہو تو جہاں جائے اجڑ
سچ کہو گے تو دل رہے گا صاف
سچ کرا دے گا سب قصور معاف
سچ سے زنہار در گزر نہ کرو
دل میں کچھ خوف اور خطر نہ کرو
جس کو سچ بولنے کی عادت ہے
وہ بڑا نیک با سعادت ہے
وہی دانا ہے جو کہ ہے سچا
اس میں بڈھا ہو یا کوئی سچا
ہے برا جھوٹ بولنے والا
آپ کرتا ہے اپنا منہ کالا