کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پیغامِ پاکستان اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے بین المذاہب ہم آہنگی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہواجس میں 15 جامعات اور دینی مدارس کے طلبہ کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ ٹورنامنٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین کیلئے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی ، مہمان خصوصی شاہد خان آفریدی تھے۔ جامعات اور مدارس کی ٹیموں کے مقابلوںکی رنر اپ ٹیم کا میچ جامعات کے وائس چانسلرز کی ٹیم کے ساتھ ہوا۔ ایونٹ کی قیادت چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع اور این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی نے کی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کا کہنا تھا کہ کھیل امن، رواداری کو فروغ دینے اور لوگوں کو سرحدوں، ثقافتوں اور مذاہب سے قطع نظر اکٹھا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔