راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں 3افرادجان کی بازی ہار گئے۔ ہسپتال میں زیرعلاج سنٹرل جیل اڈیالہ کا سزائے موت کا قیدی 72سالہ محمد یونس ولد اللہ بخش انتقال کر گیا۔ پولیس کے مطابق وہ تھانہ واہ صدر میں 2013ء میں قتل کیس میں سزا یافتہ تھا۔ جیل حکام نے پوسٹ مارٹم کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی۔ تھانہ گنج منڈی کے علاقہ ڈنگی کھوئی چوک میں لکی مروت خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والا 52سالہ نامعلوم شخص ہفتہ کو دم توڑ گیا۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقہ میں نشے کا عادی 30سالہ نامعلوم شخص دم توڑ گیا۔ ٹی ایس آئی عادل حسین نے بتایا کہ وہ ایک عمارت کے تہہ خانہ میں سیڑھیاں اترتے ہوئے گر گیا جس سے اسکے سر اور دیگر حصوں پر چوٹیں آئی تھیں۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد نعش مارچری میں رکھوادی۔