کراچی( نصر اقبال، اسٹاف رپورٹر) ملک میں کھیلوں کے اہم ادارے پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی جانب سے پی ایچ ایف کے انتخابات کو تسلیم کئے جانے پر سابق ہاکی اولمپئینز نے حیرت کا اظہار کیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دورے حکومت میں اس وقت کی بین الصوبائی رابطے کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے فیڈریشنوں کی مشاورت کے بغیر جس پالیسی کو لانے کا اعلان کیا تھا اس وقت کئی فیڈریشنوں اور خود پی او اے نے اس کی کھل کر مخالفت کی تھی مگر پی ایچ ایف کے موجودہ صدر خالد سجاد کھوکھر نے نہ صرف اس پالیسی کی حمایت کی بلکہ حکومت کو پالیسی کے حوالے سے اپنے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا تھا، اور پی او اے کے موقف کی مخالفت کی تھی،پاکستان ہاکی فیڈریشن ان چھ سات فیڈریشنوں میں شامل تھی جو اس وقت پی او اے کے موقف کے بر خلاف حکومت کے ساتھ کھڑی تھی مگر اب اچانک پی او اے کے موقف میں تبدیلی حیرت انگیز ہے، قومی اسپورٹس پالیسی کے حوالے سے پی ایچ ایف نے کوئی واضح اعلان بھی نہیں کیا ہے۔