نیویارک، اسلام آباد (صباح نیوز‘ نمائندہ جنگ) نیویارک میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کے درمیان ملاقات ہوئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ملالہ یوسفزئی سے خصوصی ملاقات کی۔ بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر اپنی اور ملالہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ملالہ سے خواتین کے حقوق اور لڑکیوں کی تعلیم پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے سیلابی صورتحال پر بھی تفصیلی بات کی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو سے افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے توسیعی ٹرائیکا میکانزم سمیت افغانستان میں آگے بڑھنے کے لئے علاقائی اتفاق رائے پیدا کرنے میں پاکستان کی سہولیات فراہم کرنے کوششوں کو اجاگر کیا۔