اسلام آباد( رپورٹ:رانا مسعود حسین) چیف جسٹس عمر عطا بندیال آج بروز جمعہ نویں انٹر نیشنل جوڈیشل کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرینگے ، اعلامیہ کے مطابق لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان، نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے اشتراک سے دو روزہ کانفرنس (23 ،24 ستمبر) منعقد ہورہی ہے ،کانفرنس کا مرکزی خیال پاکستان کی آزادی کے 75 سال کے جشن کے ارد گرد ہے، جس کا عنوان ’’انصاف کی انتظامیہ: 75 سال،ماضی کی عکاسی اور مستقبل کی جانب دیکھنا‘‘ ہے، کانفرنس میں پاکستان اور مختلف ملکوں کے چیف جسٹسز، نامور ججز، اٹارنی جنرل ، ماہرین قانون، فقہا، سکالرز، دانشور اور سینئروکلا ء شرکت کرینگے، کانفرنس کا انعقاد کلیدی شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے، جس میں انصاف کی انتظامیہ میں مختلف شراکت داروں کے کردار، عالمی چیلنجز، تنازعات کے تصفیے کے طریقہ کار اور ڈیجیٹل ترقی کے دور میں انصاف کی فراہمی جیسے موضوعات شامل ہے ، دنیا بھر کے ممتاز اسکالرز اور ماہرین ان اہم معاملات پر اپنے اپنے خیالات کا تبادلہ کرینگے ، کانفرنس کے دوران غور و خوض کے لیے جن پانچ موضوعات کا انتخاب کیا گیا ہے ان میں(1) قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کا کردار، (2) ہم یہاں سے کہاں جائیں:انصاف کی فراہمی میں پولیس، استغاثہ، وکلا وغیرہ کا کردار (3) موجودہ عالمی چیلنجز اور عدلیہ کا ردعمل، (4) اقتصادی چیلنجز اور تنازعات کے تصفیے کے طریقہ کار، قانون ساز ی اور مستقبل کے لیے روڈ میپ اور (5) انصاف اور ڈیجیٹل ایڈوانسمنٹ شامل ہے، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کانفرنس کے مہمان خصوصی ہونگے جو پہلے دن افتتاحی سیشن میں ’’قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرینگے۔