• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک گھنٹہ قدرتی ماحول میں گزارنے کے دماغ پر بھرپور مثبت اثرات

کراچی (نیوز ڈیسک) انسانی تاریخ بڑے پیمانے پر دیہی علاقوں کے خوشگوار ماحول میں آشکار ہوئی ہے، جس میں وسیع و عریض سبزہ زار اور جنگلات سے بھرے علاقوں میں بہنے والے دریا اور وادیاں لاکھوں برسوں سے ہمارے آباؤ اجداد کو کی میزبانی کر رہی ہیں۔ اس کے برعکس، شہر ایک نئی قسم کی رہائش گاہ ثابت ہوئے ہیں جو اپنے مکینوں کو کئی سہولتیں دینے کے ساتھ ان کی ذہنی صحت کو متاثر کرنے کا باعث بھی ہیں۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ شہری ماحول سے اس کے مکین بے چینی، ڈپریشن اور دیگر ذہنی اور دماغی مسائل بشمول اسکتزوفرینیا (Schizophrenia) میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ خوش قسمتی سے، تحقیق کے نتیجے میں اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے اس کے حل کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مختصر عرصہ کیلئے ہی سہی، ہریالی سے بھرے علاقوں یا جنگلات کا دورہ کرنے سے کئی طرح کے دماغی اور جسمانی فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں؛ ان میں فشار خون (بلڈ پریشر) کو بہتر رکھنا، پریشانی، افسردگی اور تفکرات میں کمی، موڈ میں بہتری، بہتر توجہ، بہتر نیند، بہتر یادداشت اور تیزی سے شفایاب ہونے جیسے فوائد شامل ہیں۔ مختلف طرح کی تحقیق سے یہ بات ثابت بھی ہوئی ہے تاہم، اس حوالے سے یہ جاننے کیلئے ابھی مزید تحقیق ضروری ہے کہ آیا جنگلات میں قیام یا چہل قدمی ان تمام فوائد کے حصول میں معاون ثابت ہوتے ہیں اور اگر ہاں تو کیسے؟اس حوالے سے تحقیق کیلئے انسان جسم میں سب سے بہترین جگہ امیگڈالا (Amygdala) یعنی دماغ میں پایا جانے والا ایک مخصوص مقام ہے جو جذبات، تنائو اور کیفیات سے نمٹنے، انہیں سیکھنے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹںے کے معاملے میں جدوجہد جاری رکھنے یا پھر اس سے بھاگنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دیہی علاقوں میں رہنے والوں کے دماغ میں امیگڈالا تنائو کے دوران کم متحرک رہتا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ دیہی زندگی اختیار کرنے کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے۔ ممکن ہے صورتحال اس کے برعکس ہو، اور ایسے لوگ جن میں قدرتی طور پر یہ خصوصیت پائی جاتی ہے وہ غالباً دیہی ماحول میں قیام کو ترجیح دیتے ہیں۔ اس گتھی کو سلجھانے کیلئے میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ فار ہیومن ڈویلپمنٹ کے محققین نے ایک نئی ریسرچ تیار کی ہے اور اس مرتبہ یہ ریسرچ فنکشنل میگنیٹک ریزوننس امیجنگ (fMRI) کی مدد سے تیار کی گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید