• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑادئیے،تمام ریکارڈ توڑ دئیے،امیرالعظیم

لاہور(نمائندہ خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کے ہوش اڑا دیے، پی ڈی ایم نے پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو تقویت دی، دونوں اطراف بری طرح ایکسپوزہو گئیں۔ مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے، قوم فرسودہ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح خطے میں سب سے زیادہ ہے، روپیہ ڈالر کے مقابلے میں بے وقعت ہو چکا ہے۔ سودی نظام معیشت، کرپشن اور بیڈ گورننس کی وجہ سے وسائل سے مالا مال ملک مسائلستان بن گیا ہے۔ امیر العظیم نے کہا کہ حکمران قوم کو لڑانے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں، سیلاب کے دوران بھی وفاقی اور صوبائی حکومتیں آپس میں دست و گریبان رہیں۔ حکمران مسلسل قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آزمودہ جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے دھوکے میں نہ آئیں اور اہل اور ایمان دار قیادت کو آگے لائیں۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے پٹرول کی قیمت میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں سستا اور پاکستان میں مہنگا پٹرول حکومتی نااہلی کا ثبوت ہے۔ نااہل حکمرانوں کے ٹولے نے چند ماہ میں 7 بار پٹرول بم گرا کر عوام کا معاشی قتل کیا ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ان خیالا ت کااظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ جماعت اسلامی لاہور کے عہدیداران و ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔