کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے خلاف ریکارڈ ساز جیت کے 24گھنٹے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی اور انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئینٹی انٹر نیشنل با آسانی63 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا اور سیریز میں دو ایک کی برتری حاصل کرلی۔انگلش بیٹنگ نے ریکارڈ اسکور کیا پھر بولروں نے بیٹنگ لائن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔بابر اعظم اور محمد رضوان کے جلد آوٹ ہونے کے بعد مڈل آرڈر بیٹنگ پتوں کی طرح بکھر گئی۔شان مسعود نے پاکستانی بیٹنگ کی لاج رکھی اور ٹی ٹوئینٹی میں پہلی نصف سنچری28گیندوں پر بنائی۔وہ 40گیندوں پر65رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں چار چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔محمد نواز نے19رنز عثمان قادر نے صفر اور حارث روف نے4رنز بنائے۔کرس ووڈ نے25رنز دے کر تین اورعادل رشید نے32رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئےسیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔انگلینڈ نے تین وکٹ پر 221 رنز بنائے۔جواب میں پاکستانی ٹیم 8وکٹ پر158رنز بناسکی۔شاہ نواز دھانی سب سے مہنگے بولر رہے انہوں نے چار اوورز میں 62 رنز دیئے۔ایک دن پہلے سنچری بنانے والےکپتان بابراعظم تیسرے اوور میں 17 رنز پر صرف 8 رنز بنا کر باؤنڈری پر ٹوپلی کے ایک اچھے کیچ کے باعث آؤٹ ہوگئے۔دوسرے میچ کی جیت کے مرکزی کردارمحمد رضوان بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں ٹھہر سکے اور 14 گیندوں پر 8 رنز بنا کر ٹوپلی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔انگلینڈ کے خلاف سیریز میں منتخب ہو کر تینوں میچ کھیلنے والے نوجوان حیدر علی ایک دفعہ پھر ناکام ہوئے اور صرف 3 رنز بنا کر عادل رشید کی گیند پر معین علی کو کیچ دے گئے۔افتخار احمد بھی مڈل آرڈر کو سہارا نہ دے سکےان کی اننگز بھی 6 رنز تک محدود رہی، جس میں ایک چوکا شامل تھا۔28گیندوں پر چار وکٹ گرنے کے بعد پاکستانی بیٹنگ مشکل میں آگئی۔شان مسعود اور خوش دل شاہ نے پانچویں وکٹ پر38گیندوں پر62رنز کی شراکت قائم کی۔خوش دل شاہ21گیندوں پر29رنز بناکر عادل رشید کا شکار بنے۔انگلینڈ کی جانب سےبین ڈکٹ اور ہیری بروک نے 69گیندوں پر139رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستانی بولروں کے چھکے چھڑ ادیئے۔یہ انگلینڈ کی چوتھی وکٹ کے لئے سب سے بڑی شراکت ہے۔ہیری بروک نے 81اوربین ڈکٹ نے 69 رنز کی اننگز کھیلی۔