اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری معطل کر دئیے۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری کیخلاف درخواست کی سماعت کی۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکیل قاضی مصباح عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے استدعا کی کہ اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹِ گرفتاری منسوخ کیے جائے، وہ ایئر پورٹ پر اترتے ہی سیدھے عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ عدالت نے سوال کیا کہ پراسیکیوٹر افضل قریشی کہاں ہیں؟ ڈیوٹی پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ پراسیکیوٹر افضل قریشی عمرے کی ادائیگی کیلئے گئے ہوئے ہیں، احتساب عدالت اسلام آباد نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ 7 اکتوبر تک معطل کر دئیے۔جج محمد بشیر نے کہا کہ اسحاق ڈار پاکستان واپس آ جائیں پھر وارنٹ کی منسوخی کو دیکھیں گے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے حکم دیا کہ اسحاق ڈار کو واپسی پر گرفتار نہ کیا جائے۔