• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

KP، پنجاب کا نفری دینے سے انکار، مسلح جتھوں کو ہر صورت اسلام آباد آنے سے روکیں گے، پنجاب میں 2، 3ووٹوں سے تبدیلی آسکتی ہے، وزیر داخلہ

لاہور(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے خیبر پختونخوا کی طرف سے وفاق کو سکیورٹی فورس فراہم کرنے سے انکار کے بعد کہا ہے کہ مسلح جتھوں کو ہر صورت اسلام آباد آنے سے روکیں گے،پنجاب اور کے پی اگر فورس نہیں دیتے تو ہمارے پاس رینجرز، ایف سی بھی ہے اسلام آباد پولیس کے10ہزار جوان، سندھ سے بھی سیکورٹی ملے گی،آرمی چیف تعیناتی پر عمران کا دبائو تسلیم کیا تو تباہی ہو گی، مہنگائی کنٹرول نہیں کر سکے، مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا،، پنجاب میں 2، 3ووٹوں سے تبدیلی آ سکتی ہے، مہنگائی کنٹرول نہیں کر سکے، مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔ ہفتہ کو پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے تعین کردہ جگہوں پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتی ہے تو حکومت مکمل تعاون کریگی،پرامن آئے تو کھانا بھی دینگے ، پنجاب میں تبدیلی لانا کوئی مشکل نہیں ،ایک دو ووٹوں کا معاملہ ہے ،پی ٹی آئی کے پندرہ لوگ رابطے میں ہیں، پنجاب میں گورنر راج کا فیصلہ کابینہ نے کرنا ہے،ملک کو نازک حالات سے نکالنے کیلئے مشکل فیصلے کئے جس وجہ سے مہنگائی کو کنٹرول نہ کرسکے، اسحاق ڈار کے آنے سے ہماری قتصادی ٹیم مضبوط ہوجائیگی، الیکشن جب بھی ہوئے نواز شریف اس سے پہلے پاکستان آجائیں گے۔ رانا ثناء اللہ نے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں کہ 25 مئی کو ہماری تیاری نہیں تھی، اگر تیاری نہیں تھی تو یہ کس طرح 20 لاکھ لوگ لانے کا دعویٰ کررہے تھے؟ 25 مئی سے قبل یہ ڈیڑھ مہینے تک جگہ جگہ جلسے کرتے رہے، یہ تیاری نہیں تو اور کیا تھی، یہ درحقیقت انکی ناکامی تھی جس کا انہیں اعتراف کرنا چاہیے۔

اہم خبریں سے مزید