• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر بڑے شہر میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے ٹیکس لگانا پڑتا ہے، ایڈمنسٹریٹر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہر بڑے شہر میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے ٹیکس لگانا پڑتا ہے، میونسپل یوٹیلٹی ٹیکس کی مد میں ملنے والا سارا پیسہ نالوں، سڑکوں اور پارکوں کی بحالی پر خرچ ہوگا، میوہ شاہ قبرستان کے اطراف سڑکیں ابتر حالت میں تھیں، جنہیں 20 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے بحال کررہے ہیں، از سر نو تعمیر ہونے والی سڑکیں پائیدار بنانا چاہتے ہیں، اسی لئے نئی سیوریج لائنیں ڈالی جارہی ہیں، شہریوں کو درپیش مشکلات کے سبب سڑکوں کی بحالی اور مرمت کے کام جلد از جلد مکمل کئے جائیں گے۔ وہ ہفتے کو یہاں میوہ شاہ قبرستان کے اطراف سڑکوں کی بحالی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ ا س موقع پر سینئر صوبائی وزیر سیدناصر حسین شاہ، میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی، سابق چیئرمین ضلع جنوبی ملک فیاض، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی علی جان اور آصف خان اور سابق یوسی 7 کے چیئر مین علی رضا رند بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے صوبائی وزیر کے ساتھ تختی کی نقاب کشائی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس نیا نہیں، یہ نعمت اللہ خان، مصطفیٰ کمال اور وسیم اختر کے دور میں بھی تھا، فرق صرف یہ ہے کہ پہلے کے ایم سی نجی کمپنی کے ذریعے یہ ٹیکس اکٹھا کرتی تھی، اب نئے فیصلے کے تحت یہ پیسہ براہ راست کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں آئے گا، کے الیکٹرک کے ذریعے جمع ٹیکس کی رقم کسی سے پوشیدہ نہیں رہے گی، شہری سوال کرسکیں گے کہ کتنا پیسہ ملا؟ کہاں استعمال کیا؟ میونسپل یوٹیلیٹی ٹیکس کلیکشن پر تنقید کرنے والے خورد برد پر یقین رکھتے ہیں، تنقید کرنے والے نہیں چاہتے کہ کے ایم سی اپنے پیروں پر کھڑی ہو۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید