راولپنڈی (نمائندہ جنگ)ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی اقوام متحدہ میں تقریر کو کسی نے سننا گوارہ نہیں کیا اور وہ ہال میں خالی کرسیوں سے خطاب کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ دنیا غلام لوگوں کو عزت نہیں دیتی۔ راولپنڈی میں اپنے پبلک سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کے ورکروں اور عمائدین علاقہ سے گفتگو میں انہوں نے نے کہا کہ عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کو پوری دنیا نے توجہ سے سنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اقوام متحدہ میں تقریر کے دوران ہال کچھا کھچ بھرا ہوا تھا اور ہال میں تمام ترقی یافتہ، ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کے سربراہان حکومت عمران خان کی تقریر سننے کو بے چین تھے کیونکہ اقوام عالم جانتی تھی کہ عمران خان کی تقریر میں دنیا کی بھلائی و بہتری کی بات ہو گی۔