• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور انگلینڈ کرکٹ ٹیموں کی لاہور پہنچ کر آرام کو ترجیح، سیریز تاحال برابر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں نے کراچی سے لاہور پہنچ کر آرام کو ترجیح دی۔چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے پیر کو دوپہر دونوں ٹیمیں لاہور پہنچیں۔منگل کی شام کو دونوں ٹیمیں دوبارہ اپنی تیاریاں شروع کریں گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچوں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔سیریز دو دو میچ سے برابر ہے۔اتوار کی شب پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلش ٹیم کو تین رنز سے شکست دیا۔انتہائی دباؤ بھرے لمحات میں حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کے لیے جیت ناممکن نہیں تو مشکل ضرور بنا دی تھی۔اُنہوں نے چار اوورز میں 32 رنز دے کر کُل تین وکٹیں حاصل کیں جس پر اُنہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا ہے۔حارث رؤف نے کہا کہ جس طرح ڈاوسن بیٹنگ کررہے تھے تو وہ ان کیخلاف پلان بناکر آئے تھے کہ ان کی کمزوری کو ٹارگیٹ بناتے ہوئے بولنگ کرنی ہے۔میچ میں پاکستان کی ٹیم 166 رنز بناپائی تھی ، ہدف کے دفاع کے بارے میں حکمت عملی کے بارے میں حارث رؤف نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سوچ یہی تھی کہ اپنا سو فیصد دینا ہے، نتائج جس کے بھی حق میں ہوں، اپنی طرف سے کوشش میں کوئی کمی نہیں رہنی چاہئے۔ ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر اور کمنٹیٹر ای ین بشپ نے کہا ہے کہ کراچی کے چوتھے میچ کے 18ویں اوور کے بعد ٹی وی بند کر چکے تھے، کیونکہ انہوں نے یہ مان لیا تھا کہ اب انگلینڈ جیت جائے گا۔حارث رؤف جب 19واں اوور کرنے کے لیے اپنے بولنگ رن اپ پر کھڑے ہوئے، تو انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 9رنزدرکار تھے۔ لائم ڈاوسن 30رنز بنا کرا سٹرائیک پر موجود تھے اور انگلینڈ کے پاس تین وکٹیں تھیں۔ایسی صورتحال میں پاکستان کی شکست کو ہی سب سے یقینی نتیجہ قرار دے گی۔ حارث رؤف کی دوسری گیند پر لائم ڈاسن نے چوکا لگایا تو انگلینڈ کے لیے فتح صرف ایک چھکے کی مار تھی۔تاہم پھر حارث رؤف نے وہ کیا جو تاریخی طور پر بھی کوئی پاکستانی فاسٹ بولر ہی کر سکتا ہے۔ پہلے باؤنسر کروا کر لائم ڈاسن کی وکٹ حاصل کی، اور پھر اگلی گیند پر اولی سٹون کو بولڈ کر کے پاکستان کو فتح کے بہت قریب لے آئے۔نائب کپتان شاداب خان نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ باہر بیٹھ کر دیکھنا زیادہ مشکل ہے۔حارث رؤف نے کہا کہ بولنگ کوچ شان ٹیٹ اپنے تجربات شیئر کرتے ہیں جس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے خاص طور پر یہ کہ پیس کا استعمال کیسے کرنا ہے، یارکرز کیسے کرانی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کا کراوڈ بہت زبردست تھا۔

اسپورٹس سے مزید