کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں چھ ایلیٹ غیر ملکی کوچز کی تقرری کی ہے ان میں دو انگلینڈ کے سابق انٹر نیشنل کھلاڑی ہیں۔پاکستانی کوچز ان کی نگرانی میں قائد اعظم ٹرافی میں کام کریں گے۔ انگلینڈ کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر پال فرینکس سینٹرل پنجاب اور پال نکسن سندھ کے ہیڈ کوچ بن گئے ہیں۔قومی ٹی ٹوئنٹی کی فاتح سندھ کے کوچ غلام علی اور سینٹرل کے عبدالرزاق ان کےساتھ کام کریں گے۔بلال شفاعت، جان سیڈلر، رچرڈ سٹونئیر اور ای ین فیشر کا بھی تقرر کیا گیا ہے چاروں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں فیلڈنگ اور اسٹرنتھ کنڈیشنگ کوچز کے فرائض انجام دیں گے ۔ سینٹرل پنجاب میں ہیڈ کوچ پال فرینکس کے ساتھ عبدالرزاق اسسٹنٹ کوچ ہوں گے۔سندھ میں پال نکسن کے ساتھ غلام علی اسسٹنٹ کوچ ہوں گے ۔ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ مقامی کوچز کے ساتھ غیر ملکی کوچز کی تقرری سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہو گا ۔میں چاہوں گا کہ کھلاڑی چہرے پر مسکراہٹ سجا کر کھیل سے لطف اندوز ہوں ۔میں سمجھتا ہوں کہ کھلاڑیوں میں صلاحیت ہے وہ تسلسل کے ساتھ کھیل سکتے ہیں۔ندیم خان کے ڈائریکٹر بننے کے بعد پاکستان کرکٹ میں کئی اہم تبدیلیوں کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں غیر ملکی کوچز کو لانے کا منفرد تجربہ پہلی بار کیا گیا ہے۔ایسوسی ایشن کے کچھ کوچز پاکستان جونیئر میں مصروف ہیں ان کی جگہ کچھ کوچز کی عارضی تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔