• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار وزیر اعظم کے ساتھ اسلام آباد پہنچ گئے، سفر جہاں ختم ہوا تھا وہیں سے آغاز کروں گا، نامزد وزیر خزانہ

لندن، اسلام آباد (مرتضیٰ علی شاہ، جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے.

 لندن میں روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پارٹی قائد نواز شریف نے وزیراعظم کے ساتھ پاکستان جانے کا مشورہ دیا ، میرے خلاف مقدمات سیاسی ہیں، سفر جہاں ختم ہوا وہیں سے آغاز کرونگا، کوشش ہوگی گرتی معیشت کو مستحکم کریں اور اسکی سمت کو درست کریں، ہم اپنے دور اقتدار میں پاکستان کی معیشت کو دنیا کی 18 بڑی معیشت بنانے والے تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ان کی نگاہیں پاکستان کی کمزرو ہوتی معیشت کو دوبارہ ٹریک پر لانے پر ہے۔

 انھوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے وزیر خزانہ کا حلف اٹھانے کے بعد ملک کی ڈانواڈول معیشت مستحکم کرنے کی پوری کوشش کرینگے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں معلوم ہے کہ یہ بہت مشکل کام ہے لیکن اللہ کی مدد سے وہ معیشت کو اسی مقام پر لانے کی کوشش کرینگے، مسلم لیگ (ن) نے اپنے سابقہ دور اقتدار میں جس سطح پر اسے چھوڑا تھا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کے گزشتہ 4 سال کے حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، میں اسی عہدے پر واپس جارہا ہوں، جو 5 سال قبل میں نے چھوڑا تھا، یہ اللہ کا بڑا کرم ہے۔

انھوں نے کہا کہ نواز دور میں پاکستان کی معیشت دنیا کی مضبوط ترین معیشت بننے جارہی تھی، سود کی شرح کم تھی اور ترقی کی رفتار عشروں سے زیادہ تھی اور زرمبادلہ کے وافر ذخائر موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی معیشت کو نواز دور کی سابقہ پوزیشن پر لانے میں میری مدد کرے، جب ہم پاکستان کی معیشت کو دنیا کی 18 ویں سب سے بڑی معیشت بنانے والے تھے۔

 ہمارے پاس زرمبادلہ کے سب سے زیادہ ذخائر تھے اور ہماری ترقی کی شرح کئی عشروں سے زیادہ تھی، معیشت مستحکم تھی، میری کوشش ہوگی کہ پاکستان کی معیشت کو دوبارہ درست سمت پر گامزن کیا جائے۔

اس وقت معیشت روز بروز زوال پذیر ہے، ہم اس رجحان کو تبدیل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے اپنے اوپر ٹیکس فائل کرنے کے مقدمے کو جھوٹا قرار دیا اورکہا کہ میں نے زندگی میں کبھی ٹیکس فائل کرنے سے گریز نہیں کیا لیکن ٹیکس فائل نہ کرنے کا ایک جھوٹا مقدمہ میرے خلاف بنا دیا گیا۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے نواز شریف کو اپنا زبانی استعفیٰ دے دیا ہےاور اسحاق ڈار کو ان کی جگہ وزیر خزانہ مقرر کردیا گیا ہے، جو لوٹن ائر پورٹ سے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ پاکستان روانہ ہوگئے ہیں۔

 وہ لوٹن ائر پورٹ پر روانگی سے قبل اپنے گھرکے باہر بات کررہے تھے۔ اسحاق پاکستان پہنچ کر سینیٹ کی نشست کا حلف اٹھائیں گے۔ اطلاعات کے مطابق ان کی تقرری کا فیصلہ مفتاح اسماعیل کی کارکردگی پر نواز شریف کے عدم اعتماد کے بعد کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید