کراچی (اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز) اسحاق ڈار کی واپسی کے ساتھ ڈالر کو بھی ریورس گیئر لگ گیا ہے، کرنسی مارکیٹ، پاکستان کے قرضے موخر ہونے اوروزارت خزانہ کا قلمدان تبدیل ہونے کی خبروں کے باعث روپے کی قدر میں بہتری، انٹر بینک میں ڈالر 3.70 روپے تک اور اوپن مارکیٹ میں 4.70 روپے تک سستا ہو گیا، یورو کی قیمت میں 7.10روپے کی کمی، پاونڈ بھی6.50 روپے سستا ہو گیا ۔دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا مثبت دن رہا۔ آج 100 انڈیکس 531 پوائنٹس اضافے سے 41 ہزار 151 پر بند ہوا ،کاروباری دن میں 100 انڈیکس 576 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ بازار میں 21 کروڑ 30 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 9 ارب 51کروڑ روپے سے زائد رہی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 71 ارب روپے اضافے سے 6 ہزار 761 ارب روپے ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے پرڈالر کی قیمت خرید 3.70 روپے کی کمی سے 239.50 روپے سے کم ہو کر 235.80 روپے اور قیمت فروخت 3.50 روپے کی کمی سے 239.80 روپے سے کم ہو کر 236.30 روپے ہو گئی ہے۔